
بنگلہ دیش میں طلباء نے سپریم کورٹ میں تعینات عوامی لیگ کے حامی ججز کو "فاشسٹ ججز" قرار دے کر ان کے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔
غیر ملکی خبررسا ں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں طلباء تنظیموں نے سپریم کورٹ کے احاطے میں داخل ہوکر احتجاج کیا، صبح 11 بجے سے شروع ہونے والے احتجاج میں طلباء کی بڑی تعداد نے شریک ہوکر نعرے بازی کی ، اس موقع پر بی این پی سے وابستہ وکلاء نے بھی الگ الگ کھڑے ہوکر اسی مطالبے پر آواز اٹھائی۔
طلباء نے اس موقع پر عوامی لیگ کے حامی ججز کو فاشسٹ ججز قرار دیا اور ان ججز کے فوری استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیشی طلباء نے ہائی کورٹ کے گھیراؤ کا بھی اعلان کرتے ہوئےججز کے استعفوں کا مطالبہ کیا تھا، سپریم کورٹ کے احاطے میں احتجاج کیلئے منگل کی شام کو فیس بک پر کال دی گئی تھی۔
اس سے قبل 10 اگست کو طلباء نے ہائی کورٹ کے سامنے احتجاج کرکے اس وقت کے چیف جسٹس عبیدالحسن اور اپیلٹ ڈویژن کے دیگر ججز کے استعفوں کا مطالبہ کیا تھا، طلباء کے شدید دباؤ پر اسی روز چیف جسٹس عبید الحسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔