
بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کا پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں کردار ایک بار پھر عالمی سطح پر بے نقاب ہوگیا ہے۔
پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا گھناؤنا کردار ایک بار پھر عیاں ہوگیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک تفصیلی رپورٹ میں بھارتی حکومت کی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے ثبوت فراہم کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت، پاکستان میں دھماکہ خیز کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، جہاں بھارتی ایجنسی 'را' نے اجرتی قاتلوں اور افغانی ہتھیاروں کے ذریعے کم از کم 6 پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کا بندوبست کیا۔ اس حوالے سے واشنگٹن پوسٹ نے لاہور میں حالیہ سانحے کا ذکر کیا، جہاں اپریل 2022 میں دو نقاب پوشوں نے عامر سرفراز کو گولی مار کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2021 کے بعد، بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی 'را' نے پاکستان میں خفیہ مہمات چلا کر متعدد شہریوں کو ٹارگٹ کیا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت نے امریکا، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک میں بھی ماورائے عدالت قتل کرنے کی کارروائیاں انجام دیں، خصوصاً سکھ رہنماؤں کے قتل کے واقعات میں 'را' کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔
بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا 2014 میں یہ بیان بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان پر براہ راست حملہ کرنا غیر حقیقی ہے، لیکن خفیہ ذرائع کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اس رپورٹ کے ذریعے یہ واضح ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی اس نوعیت کی سرگرمیوںکی وجہ سے بھارت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسی 'را' کی مداخلت اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے شواہد مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔
اب جبکہ گزشتہ سال بھی دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کے شواہد سامنے آئے ہیں، وزیر داخلہ پاکستان کی جانب سے بھی بھارت کی مداخلت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ ان واقعات کی روشنی میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارت کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے۔
یاد رہے کہ برطانوی اخبار دی گارڈین کی جانب سے بھی بھارت کی خفیہ کارروائیوں میں شامل شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے حوالے سے رپورٹس شائع کی جا چکی ہیں، جس میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی حکومت نے 2020 سے اب تک پاکستانی سرزمین پر 20 افراد کو ہلاک کروایا۔ یہ سب شواہد بھارتی ایجنسی کے خطرناک منصوبوں کا پردہ چاک کرنے کے لیے کافی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/h4054E.jpg