
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کی جانب سے ورلڈ کپ 2023 کیلئے پاکستانی صحافیوں اور کرکٹ شائقین کو ویزے جاری نا کرنے کے حوالےسے پی سی بی کے بیان پر وضاحت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ شائقین اور صحافیوں کو ویزوں کے اجراء کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جلد اس معاملے میں نتائج سامنے آجائیں گے۔
ترجمان آئی سی سی نے بھارت میں ہونےوالے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شائقین کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کیا اور کہا کہ اس حوالےسے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں، جلد صورتحال بہتری کی جانب بڑھتی ہوئی دکھائی دے گی۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز آئی سی سی سے ورلڈ کپ ویزہ پالیسی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا، پی سی بی نے موقف اپنایا کہ بھارت میں منعقد ورلڈ کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ میں پاکستانی صحافیوں کو کوریج اور شائقین کو میچ سےلطف اندوز ہونے کیلئے بھارتی ویزوں کے اجراء کے بارے میں غیریقینی کا سامنا ہے۔
پی سی بی کے مطابق گزشتہ تین سالوں سے بھارت میں ہونے والے اس ورلڈ کپ میں صحافیوں اور شائقین کو ویزوں کے اجراء سے متعلق آئی سی سی کو ذمہ داریوں اوررکن ممالک کے معاہدے کے بارے میں یاددہانی کرواتے رہے ہیں، مگر افسوس کہ آج بھی مسائل حل نہیں ہورہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3iccvisaissuepajsks.png