
پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو ایک بار پھر عروج پر دیکھنے کی امیدیں جلد پوری ہوتی نظر نہیں آتیں، ایک طرف سے تو چند دن پہلے انکشاف کیا گیا تھا کہ ایشین چمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ادھار کی ٹکٹوں پر چین بھیجا گیا تو دوسری طرف اب پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ہاکی کے 3 کھلاڑیوں اور فزیو پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کھلاڑیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ بیرون ملک جا کر سیاسی پناہ لینے کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے قومی کھیل ہاکی کے 3 کھلاڑیوں اور ایک فزیو پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کے مطابق ہاکی کے کھلاڑیوں عبدالرحمن، احتشام اسلم اور مرتضیٰ یعقوب کے ساتھ فزیو وقاص پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ یہ تینوں کھلاڑی اور فزیو وقاص فیڈریشن کو آگاہ کیے بغیر بیرون ملک چلے گئے اور وہاں پر جا کر سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے جس کے باعث ان پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کے ٹیم کے ساتھ واپس پاکستان آنے کے ثبوت موجود ہیں تاہم وہ بعدازاں بیرون ملک چلے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں کھلاڑیوں نے قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ ہالینڈ اور پولینڈ کا دورہ کیا تھا اور نیشنز کپ کھیلنے کے لیے گئے تھے اور پاکستان واپس پہنچ کر پھر بیرون ملک چلے گئے۔ کھلاڑیوں کے پاسپورٹ کینسل کرانے کے لیے وزارت داخلہ کو لکھا جائے گا اور اس حوالے سے ڈیپارٹمنٹس کو بھی لکھ دیا گیا ہے۔
رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ تینوں کھلاڑی اور فزیو وقاص کون سے ملک میں گئے ہیں اس کا اب تک پتہ نہیں چلا، ان کے ساتھی کھلاڑیوں کی طرف سے ان کے باہر جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ہم نے انہیں کیمپ جوائن کرنے کے لیے بھی طلب کیا تھا تاہم ہمارے ساتھ جھوٹ بولتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خاندانی مصروفیات کی وجہ سے کیمپ میں شرکت نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے ہی صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ایشین چمپئن ٹرافی میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم ادھار کی ٹکٹیں لے کر چین کے دورے پر گئی ہے۔ امید ہے کہ قومی ہاکی ٹیم ایشین چمپئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی دکھائے گی جہاں پر اس کا مقابلہ بھارت سے بھی ہو گا جو رینکنگ میں پاکستان سے بہت بہتر ہیں۔