پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ آپ کو میرا شکریہ ادا کرنا چاہیے ، حکومت جانے کےبعد آپ لوگ زیادہ مقبول ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران ہوشربا انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کے خاتمےکے بعد سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں ہے، اب الیکشن ہونے والے ہیں آپ کو میرا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ آپ تو بالکل فارغ تھے اور اب آپ بہت مقبول ہوگئے ہیں۔
بیک ڈور مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں کوئی بریک تھرو نہیں ہوا، کیونکہ حکومت کی حکمت عملی یہ ہے کہ عمران خان کو نااہل کرکےان پر کرمنل کیسز بنائیں جائیں اور انتخابات کو ایک سال کیلئے موخر کردیں، ان کے ذہن میں ہے کہ ا س ایک سال میں یہ دوبارہ کچھ حاصل کرلیں گے، میں انہیں بتادوں کہ یہ کچھ بھی واپس حاصل نہیں کرسکتے، ملکی معیشت نہیں سنبھل سکتی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس اس وقت دو آپشنز ہیں ایک یہ کہ حقیقت تو تسلیم کریں اور پارٹنر شپ کریں ، دوسرا لڑائی کریں، ہم پارٹنر شپ کیلئے 100 فیصد تیار ہیں،ہم اداروں کے ساتھ بنا کررکھنا چاہتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ اس ملک کی حقیقت تھی اب عمران خان بھی ایک حقیقت بن چکے ہیں، جو بھی یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس حقیقت کو نظر انداز کرکے ملک کو آگے بڑھاسکتا ہے وہ بہت ملک کا اور اپنا بہت بڑا نقصان کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ اسٹیبلشمنٹ کا یہ ہے کہ وہ ہر وقت ہر چیز کی ریکارڈنگز کرتے رہتے ہیں، کوئی بھی بات ہورہی ہو اس کا تناظر مختلف ہوسکتا ہے، ضروری نہیں کہ کسی کے خلاف گفتگو کا مقصد سازش ہی ہو، جنرل عاصم منیر کے کمان سنبھلانے کے بعد تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے، اب رانگ نمبرز سے فون کالز نہیں آرہیں، میڈیا میں عمران خان کو بلاک نہیں کیا جارہا۔
پنجاب اسمبلی کے حوالے سے سوال کےجواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کوئی ڈبل گیم کرے یا ٹرپل ، اسمبلی تو توڑنی پڑے گی، اگر اسمبلی نہیں توڑی تو ہم اس میں نہیں ہوں گے۔