حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ ریال تک جرمانہ، سعودی وزارت داخلہ کا اعلان

881197_69631950.jpg

سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کے دوران مکہ پرمٹ اور حج ضوابط کی خلاف ورزیوں پر سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا اعلان کردیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق، جو افراد بغیر اجازت نامے کے حج کی ادائیگی کی کوشش کریں گے، انہیں 20 ہزار ریال تک جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور مملکت میں داخلے پر پابندی (بلیک لسٹ) بھی عائد کی جاسکتی ہے۔

وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 اپریل (یکم ذوالقعدہ) سے لے کر 14 ذوالحجہ تک، کسی بھی وزٹ ویزے پر آنے والے غیر ملکیوں کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ فرد کو 20 ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

ایسے افراد جنہوں نے اپنے نام پر بیرون ملک سے وزٹ ویزے جاری کروائے ہوں، اور ان ویزوں پر آنے والے افراد اس ممنوعہ مدت کے دوران مکہ مکرمہ میں داخل ہوں، تو ویزہ جاری کرنے والے پر 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

سعودی حکومت نے ان تمام افراد کے لیے بھی سخت سزاؤں کا اعلان کیا ہے جو: وزٹ ویزہ پر آنے والوں کو مکہ یا مشاعر مقدسہ تک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں۔ غیر حاجیوں کو قیام کی سہولت فراہم کریں یا کسی بھی طرح ان کی حج میں شرکت کی معاونت کریں۔

یہ ضوابط حج کے دوران رش، نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب، پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز عازمینِ حج کو لیکر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نے عازمین کو رخصت کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ "روڈ ٹو مکہ" امیگریشن منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جس کے تحت عازمین حج کی امیگریشن سہولت پاکستان میں ہی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ سعودی عرب پہنچ کر وقت ضائع کیے بغیر حج مناسک کی تیاری شروع کر سکیں۔
 
Last edited by a moderator:

Back
Top