حیدر آباد،جائیداد کا تنازع، رشتہ داروں نےماں بیٹی کو بند کر کےدیوار چنوادی

16haydarababdewwaaae.png


حیدرآباد گھریلو تنازعے پر بھتیجوں نے اپنی چچی اور اس کی بیٹی کو ایک کمرے میں قید کر کے پختہ دیوار بنا دی جنہیں پولیس نے کارروائی کر کے بازیاب کروایا۔

ذرائع کے مطابق حیدرآباد کے علاقہ لطیف آباد نمبر 5 میں گھریلو تنازعے پر بھتیجوں نے اپنی چچی اور اس کی بیٹی کو ایک کمرے میں بند کر کے پختہ دیوار تعمیر کر دی اور انہیں قید کر دیا۔ لطیف آباد بی سیکشن پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ماں بیٹی کو دیوار توڑ کر بازیاب کروا لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماں بیٹی کو ایک کمرے میں قید کرنے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے تھے، پولیس کو مقامی افراد کی طرف سے مددگار 15 پر اطلاع دی گئی کہ ایک ماں بیٹی کو گھر میں قید کیا گیا ہے جس پر لطیف آباد بی سیکشن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں بازیاب کروایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کمرے کی دیوار توڑی اور ماں بیٹی کو بحفاظت بازیاب کر کے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔


خواتین کی شناخت تسلیم جہاں زوجہ عبدالحق اور بیٹی دعا کے نام سے ہوئی ہے جنہیں ایک دن قبل ہی کمرے میں قید کر کے پختہ دیوار تعمیر کی گئی تھی۔ پولیس اطلاع ملنے پر اس گھر میں پہنچی تو مرکزی دروازے پر تالا لگا ہوا تھا جسے توڑ کر اندر داخل ہوئے، واقعہ میں ملوث خاتون کے دیور اور بھتیجوں کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔

پولیس کی طرف سے بی سیکشن کے تحت مذکورہ واقعے کا مقدمہ مسماۃ تسلیم جہاں زوجہ عبدالحق کی مدعیت میں 3 افراد (خاتون کا دیور، اس کی بیوی اور برادرنسبتی) کو نامزد کر کے درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں خاتون کے گھر پر قبضہ کرنے، حبس بے جا میں رکھنے اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرے دیور نے ہم ماں بیٹی کو گیس، بجلی اور پانی کی سہولت سے محروم رکھا ہوا تھا اور ہمیں کمرے میں بند کر کے دیوار بنا کر پلستر کرا دیا تھا تاکہ باہر نہ نکل سکیں۔ خاتون نے بتایا کہ ملزموں نے میرے مکان پر قبضہ کرنیکی کوشش کی، میری جان کو خطرہ ہے، تحفظ دیا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تسلیم جہاں اور اس کے دیور کے درمیان مکان کی ملکیت کے حوالے سے تنازع چل رہا تھا۔