خواتین کو بلیک میل کرنے والا جعلی عامل قتل، 5 افراد گرفتار

screenshot_1743947323727.png


ملتان: پولیس نے تحصیل جلال پور پیروالا میں ایک عامل کے قتل کے واقعے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ مقتول ان کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کر رہا تھا۔

24 مارچ کو جلال پور پیروالا کے علاقے ظاہر پیر چوک کا رہائشی ریاض حسین لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس کے بیٹے غضنفر نے تھانہ سٹی پولیس میں اغوا کا مقدمہ درج کروایا۔ بعد ازاں ریاض حسین کی لاش چاہ یوسف والا کے قریب سے برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس نے مقدمے میں قتل کے الزامات شامل کر دیے۔

سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے تفتیش کے دوران ایک مشتبہ شخص نادر کو حراست میں لیا۔ نادر نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے کزنز عامر، جمیل، شہناز اور آسیہ کے ساتھ مل کر ریاض حسین کو قتل کیا تھا۔

ملزم نادر کے مطابق، ریاض حسین کالے جادو کا کام کرتا تھا اور اس نے ان کی کزنز کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنا شروع کر دیا تھا۔ ریاض نے خواتین سے ویڈیوز حذف کرنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا تھا۔

نادر نے بتایا کہ اس نے اپنے کزن جمیل کے ساتھ مل کر ریاض کو گھر بلایا، جہاں انہوں نے پہلے اس کے موبائل سے تمام ویڈیوز حذف کیں، پھر اس کا گلا گھونٹ کر لاش کو ایک ویران جگہ پر پھینک دیا۔

سی پی او ملتان نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے موبائل فون سے ان ویڈیوز کو بھی برآمد کیا ہے، جنہیں عامل بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ممکنہ طور پر مزید انکشافات ہو سکتے ہیں۔
 

Back
Top