خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر دی

ali-amin kpk jobs.jpg



خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر دی!

ڈی آئی خان سب ڈویژن کلاچی میں پولیس کی 565 آسامیاں تخلیق کرنے کی منظوری: ذراءع

خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے صوبے بھر میں سرکاری ملازمین کی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے جس کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سیکرٹریٹ کی طرف سے باضابطہ طور پر مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سیکرٹری کی طرف سے جاری کیے گئے باضابطہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی طرف سے صوبے بھر میں سرکاری ملازمین کی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

علی امین گنڈاپور کی ہدایات کی روشنی میں وزیراعلیٰ ہائوس سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس سے صوبے بھر میں سرکاری ملازمین کی بھرتیوں کا عمل شروع ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے 8 فروری 2024ء کو ہونے والے انتخابات کے بعد اقتدار سنبھالنے پر رواں برس 2 مارچ 2024ء کو سرکاری ملازمین کی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد سے ملازمین کی بھرتیوں کا عمل رکا ہوا تھا۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا کابینہ کا 9واں اجلاس آج ہوا جس کی صدارت وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور نے کی اور ڈی آئی خان سب ڈویژن کلاچی میں پولیس کی 565 آسامیاں تخلیق کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کابینہ کے 9 ویں اجلاس کیلئے 16 نکاتی ایجنڈا تیار کیا گیا تھا، اجلاس میں کابینہ اراکین کے علاوہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی طرف سے کفایت شعاری اقدامات کے تحت 2 مارچ 2024ء کو نئی آسامیوں کے اعلان اور بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ صوبائی حکومت کی طرف سے سرکاری فنڈز سے غیرملکی سیمینار، ورکشاپس وتربیتی پروگرامز کے انعقاد اور ان میں سرکاری ملازموں کی شرکت پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
 
Featured Thumbs
https://www.siasat.pk/data/files/s3/ali-amin kpk jobs.jpg