دفترخارجہ نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی تردید کر دی

4moduvisistpka.jpg

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی پاکستان دورے کی خبر مفروضے پر مبنی ہے، جس پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، اور بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی افراد کو زمین خریداری کا اختیار دے دیا۔

اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے توازن میں تبدیلی کر رہا ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی زرعی زمینوں پر قبضے کروا رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے بارے میں مضمون مفروضے پر مبنی ہے۔


ترجمان نے کہا مفروضے پر مبنی مضمون پر تبصرہ نہیں کرتے، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ایشوز پر بات میں مہینوں لگتے ہیں۔ پاکستان کابل میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے افغان عبوری وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو 16 سے 20 جنوری تک ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے اور حنا ربانی کھر کے ہمراہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔