
سابق وزیراعظم وبانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سہولت کاری کرنے کے معاملے پر محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع ہو چکی ہیں۔
سکیورٹی اداروں کی طرف سے اسی سلسلے میں سابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل جانے سے پہلے ریٹائر ہو چکے تھے جبکہ اڈیالہ جیل کے 2 سابق افسر بھی پوچھ گچھ کیلئے سکیورٹی اداروں کی تحویل میں ہیں۔
دوسری طرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری کرنے کے الزام میں حراست میں لیے گئے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو بازیاب کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست پر عدالت نے تھانہ صدر بیرونی پولیس راولپنڈی کو منگل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور جواب طلب کیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1824371082448551952
سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو بازیاب کروانے کے لیے ان کی اہلیہ کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر جسٹس محمد رضا قریشی نے سماعت کی جبکہ ایڈووکیٹ ایمان مزاری درخواست گزار کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت کو بتایا گیا بتایا گیا کہ 14 اگست 2024ء سے محمد اکرم سے متعلق کچھ پتہ نہیں کہ وہ کہاں پر ہیں؟
درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری نے جسٹس محمد رضا قریشی کے روبرو ہونے والی سماعت میں موقف اختیار کیا کہ تھانہ صدر بیرونی پولیس راولپنڈی کو مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دی تھی لیکن اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد تھانہ صدر بیرونی پولیس راولپنڈی کو منگل کے لیے نوٹس جاری کر دیا اور جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ سکیورٹی اداروں کی طرف سے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور سابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل بلال کے علاوہ محمد اکرم کے اردلی، وارڈن اور ہیڈوارڈن کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آفس سپرنٹنڈنٹ ناظم شاہ سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے جبکہ ڈی آئی جی جیل راولپنڈی آفس کے ایک سپرنٹنڈنٹ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11makakrklahahcbababzii.png