سندھ، انتقال کرجانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ ختم

10bachonkinokriajksjdjd.png


سندھ حکومت نے دوران ملازمت انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے ملازمت کا کوٹہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد سندھ کابینہ نے اس پالیسی کو ختم کرنے کی منظوری دے دی اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب صوبہ سندھ میں "فوتی کوٹہ" کے تحت مزید بھرتیاں نہیں کی جائیں گی۔ اس پالیسی کے خاتمے سے سرکاری ملازمین کے بچوں یا شریک حیات کو سرکاری ملازمت دینے کی روایت کا اختتام ہو گیا ہے، جو کئی دہائیوں سے رائج تھی۔

یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کی روشنی میں کیا گیا، جس میں عدالت نے سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے مختص تمام پالیسیاں، پیکیجز اور کوٹے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ عدالت نے اکتوبر میں جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) کی اپیل منظور کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کے 2021 کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس نعیم افغان نے کیس کا 11 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم پیکیج فار ایمپلائمنٹ پالیسی، اس سے متعلقہ تمام دفاتر کے احکامات، اور سندھ سول سرونٹس رولز 1974 کے سیکشن 11۔اے کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا۔

یہ پالیسی کا خاتمہ صرف سندھ تک محدود نہیں رہا بلکہ پنجاب حکومت بھی پہلے ہی دورانِ سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے مختص ملازمت کے کوٹے کو ختم کر چکی ہے۔

پنجاب حکومت نے جولائی میں رول 17۔اے ختم کرتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت سرکاری ملازم کے انتقال کی صورت میں ایک بیٹے، بیٹی یا بیوہ کو سرکاری ملازمت دی جاتی تھی۔ اس فیصلے سے بھی ہزاروں خاندان متاثر ہوئے جو سرکاری ملازمتوں کے منتظر تھے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دیگر صوبوں میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات متوقع ہیں، جبکہ اس پالیسی کے خاتمے پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ حلقے اسے قانونی مساوات کے اصول کے تحت مثبت اقدام قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایسے خاندانوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے جن کے معاشی حالات دوران ملازمت کفیل کے انتقال کے بعد مزید خراب ہو جاتے ہیں۔

یہ پالیسی ختم ہونے کے بعد یہ سوال اہم ہو گیا ہے کہ حکومت ایسے خاندانوں کے لیے متبادل امدادی نظام یا سماجی تحفظ کے منصوبے کب متعارف کرائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کی مالی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
 

Back
Top