سندھ میں 54 ہزار سے زائد بھرتیاں کالعدم قرار دیدی گئیں

7shshbhartianksjjs.png

سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں 54 ہزار سے زائد بھرتیاں کالعدم قرار دیدی ہیں، یہ بھرتیاں اگست 2023 کے اشتہارات کے مطابق کی گئی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں گریڈ 1 سے 15 پر ہونے والی 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے 23 اگست 2023 کے اشتہارات کے مطابق کی گئیں بھرتیوں کو کالعدم قرار دیدیا۔


عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں واک ان انٹرویو کی بنیاد پر کبھی بھرتیاں نہیں کی جائیں گی، گریڈ 1 سے چار اور 5 سے 15 کی پوسٹوں پر ضلعی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ سندھ حکومت بھرتیوں سے متعلق بنائے گئے قوانین کے مطابق نئی بھرتی کرے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ میں واک ان انٹرویو کی بنیاد پر کی گئی 54 ہزار بھرتیوں کو چیلنج کیا گیا ہے جس پرسندھ ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کردیا تھا۔