
بدھ کے روز دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک خط کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا گیا۔ دفتر خارجہ نے اس خط کو جھوٹا، من گھڑت اور جعلی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسا تاثر دینا کہ وزیر خارجہ نے امریکا میں پاکستانی سفیر کی سرزنش کی ہے یہ بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا خط جھوٹا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ خط وزیر خارجہ سے منسوب ہے جس میں تاثر دیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید کی سرزنش کی ہے۔
تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ ٹوئٹر، انسٹاگرام، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہونے والا یہ خط جن اکاؤنٹس سے شیئر کیا جا رہا ہے وہ بیک وقت #sanctionPakistan کا ہیش ٹیگ چلاتے رہے ہیں۔ اس خط کو بھارتی میڈیا نے بہت جلدی اٹھایا اور اس کی بنیاد پر جھوٹی خبریں بھی چلائیں۔

اس جعلی خط کی عبارت میں وزیر خارجہ سے جو بات منسوب کی گئی ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے سفیر اسد مجید سے کہا ہے کہ وہ پاک امریکا تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی بتایا کہ یہ فیک نیوز ایک خاص گروپ کی جانب سےپھیلائی جا رہی ہے۔ جن کا ایک مخصوص ایجنڈا ہے۔ ان سے قبل سابق سفیر جلیل عباس جیلانی نے بھی کہا کہ یہ خط جعلی ہے اور اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
https://twitter.com/x/status/1445804051229184001
جلیل عباس جیلانی نے یہ بھی کہا کہ اسد مجید ایک بہترین سفیر ہیں جو کہ پاک امریکا تعلقات کی بہتری کیلئے بڑی لگن سے کام کر رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fake11.jpg