
راولپنڈی: پاک فوج کی سکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف علاقوں میں دو کامیاب کارروائیوں کے دوران دو خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن بلوچستان کے ضلع پشین میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جہاں پانچ خوارج کو حراست میں لیا گیا۔ ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد اور تین خودکش جیکٹس بھی برآمد ہوئیں۔ گرفتار دہشت گرد متعدد حملوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر مزید حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دوسری کارروائی 17 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے ژوب میں کی گئی، جس میں دو خوارج مارے گئے۔ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور شہریوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنے مشن پر قائم ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4pakaiarmzobbpo.png