شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر خوارجیوں کی دراندازی ناکام، 54 ہلاک

27175706b79e7cb.jpg


شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارجیوں کی بڑی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں متعدد خوارجی دہشت گردوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات پر فوری اور بھرپور کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دراندازوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 54 خوارجی ہلاک ہوئے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا، جس سے ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کو ناکام بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، خوارجی گروہ کی جانب سے سرحد پار سے حملے کی یہ کوشش نہایت منظم انداز میں کی گئی تھی، جس میں متعدد جنگجو شامل تھے۔ تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ریاست دشمن عناصر کو کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ علاقہ کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس کامیاب آپریشن پر تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لیے ایک بڑا دن ہے۔ سیکیورٹی فورسز کو حملے کی بروقت اطلاع ملی تھی جس کے نتیجے میں حکمت عملی کے تحت تین اطراف سے دہشت گردوں کو گھیر کر کارروائی کی گئی اور 54 خوارجیوں کو جہنم رسید کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ یہ اب تک ہلاک ہونے والے خوارجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ دنوں سے سیکیورٹی اداروں کے پاس معلومات تھیں کہ خوارجیوں کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے تھے کہ وہ جلد از جلد پاکستان میں گھس کر دہشت گردانہ کارروائیاں کریں۔ انہی اطلاعات کی بنیاد پر سرحدوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی تھی، جس کی بدولت دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوئی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے انکشاف کیا کہ بھارت کی طرف سے مسلسل پاکستان میں عدم استحکام کی کوششیں ہو رہی ہیں، اور یہی خوارجی عناصر بھارت سے ملنے والی ہدایات پر پاکستان میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دہشت گردوں کی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں، جو دنیا کے سامنے ایک ٹھوس ثبوت ہیں کہ ان عناصر کی پشت پر کون موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔ وزیرداخلہ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا کہ دشمن عناصر کس طرح ہماری کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے اور دہشت گردوں کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں دہشت گردوں کے پاؤں مسلسل اکھڑ رہے ہیں، اور پچھلے دو ہفتوں میں مارے جانے اور گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو ایک خوش آئند اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی دہشت گردی کی کسی بھی کوشش کو اسی عزم و حوصلے سے ناکام بنایا جائے گا اور تمام سازشوں کو پوری قوت سے کچلا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک افواج ہر لمحہ چوکنا ہیں اور اگر آئندہ بھارت یا اس کے ایجنٹوں کی طرف سے کوئی نئی کوشش ہوئی تو انہیں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کے لیے بھی تیار ہے اور اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
 

Back
Top