
عام انتخابات 2024 میں مقابلے کیلئے خیبر پختونخوا میں 2 سگے بھائی آمنے سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سابق وزیراعلی پرویز خٹک کا مقابلہ اپنے سگے بھائی لیاقت خٹک اور بھتیجے احد خٹک سے ہورہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے33 نوشہرہ ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 87 اور پی کے 88 سے الیکشن لڑررہے ہیں۔
این اے 33 نوشہرہ سے پرویز خٹک کا مقابلہ اپنے سگے بھائی لیاقت خٹک سے ہے جو جمعیت علمائے اسلام ف کے ٹکٹ پر اس حلقے سے میدان میں اترے ہیں، جبکہ لیاقت خٹک کے بیٹے احد خٹک پی کے88 سے اپنے تایا پرویز خٹک کا مقابلہ کررہے ہیں۔
عام انتخابات میں سگے رشتہ داروں کے آپس میں مقابلے کی ایک یہی مثال نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں ہی ترکئی خاندان کے کئی افراد بھی عام انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہورہے ہیں ۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے20 سے سابق رکن قومی اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر عثمان تراکئی کا مقابلہ اپنے بھتیجے شہرام تراکئی سے ہے ، شہرام تراکئی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ہیں جو گرفتاری کے ڈر سے اپنی انتخابی مہم نہیں چلا رہے بلکہ ان کی جگہ ان کے والد سینیٹر لیاقت خان تراکئی بھائی کی مخالفت میں مہم چلارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گجرات سے بھی 5 بھائی مختلف سیاسی جماعتوں سے الیکشن لڑرہے ہیں
بڑے بھائی چوہدری عابد رضا قومی اسمبلی کے لیے میدان میں ہیں اور چوہدری رضا کے 4 بھائی صوبائی اسمبلی کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ چوہدری شبیر رضا، چوہدری نعیم اور چوہدری شاہد پی پی 28 سے الیکشن لڑیں گے، تینوں بھائی ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
چوہدری محمد علی پی پی 33 سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ چوہدری شبیر رضا پی پی 28 سے (ن) لیگ کے امیدوار ہیں۔
اس کے برعکس چوہدری نعیم رضا (ق) لیگ اور چوہدری شاہد رضا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے جب کہ مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر چوہدری عابد رضا این اے 62 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد سے بھی طلال چوہدری کے چچا اور والد آمنے سامنے ہیں، طلال چوہدری کے چچا تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/khatk1h1i3h11.jpg