پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے منحرف رہنما عثمان ڈار کے انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے مزید دعوے کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے عثمان ڈار کے گزشتہ روز کے انٹرویو پرردعمل دیتےہوئے کہا ہے کہ عثمان ڈار کو شروع سے احساس تھا مگر ان میں ہمت نہیں تھی، عثمان ڈار نے جو نام لیے ہیں وہ 100 فیصد درست تھے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ابھی تو عثمان ڈار کا بیان سامنے آیا ہے ، پی ٹی آئی کے دیگر رہنما فرخ حبیب اور صداقت عباسی بھی جلد ہی سامنے آئیں گے، عثمان ڈار ابھی کچھ نام لینا بھول گئے ہیں،یہ اچھا قدم ہے کہ لوگ اپنی غلطی تسلیم کررہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو ان کے اپنے ہی ساتھی لے کر ڈوبے ہیں، میں نےایک سال پہلے کہا تھا کہ یہ سب خود بتادیں گے اور ثبوت دے دیں گے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ موجودہ سپہ سالار اور چیف جسٹس قوم کے ہیرو ہیں، وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کے دھرنے کا مقصد آرمی چیف کو ہٹانا اور موجودہ چیف کے بجائے اپنے من پسند جنرل کو چیف بنانا تھا، ایسا ہی کام انہوں نے عدلیہ میں بھی من پسند شخص کو چیف جسٹس بنانے کیلئے کیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/wada-usman-dar-imran.jpg