عمران خان میری بات کا برا نہیں مانتے،چودھری پرویز الہیٰ

6parvezelah.jpg

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ ن لیگ ڈالر ملک سے باہر لے جاتی ہے اور وہاں سے اسحاق ڈالر لے آتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے یونیورسٹی آف گجرات کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے میرے خلاف پراپیگنڈہ شروع کیا کہ پیسے کہاں سے آئیں گے، شہباز شریف نے زندگی میں جتنے بولے ہیں آپ کی سوچ ہوگی، وفاقی حکومت مہنگائی کا ایک ایسا طوفان لے کر آئی ہے جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نا ڈرنے، نا جھکنے اور اور نا بکنے والے لیڈر ہیں،وہ ایک سچےاور کھرے لیڈر ہیں ، لیکن جہاں بات غلط ہوتی ہے میں عمران خان کے سامنے اظہار کردیتا ہوں اوروہ میری بات کا برا نہیں مانتے کیونکہ وہ بات بعد میں درست ثابت ہوجاتی ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عمران خان کے فیصلوں میں کہیں کمی نہیں کی ہے، ہم نے بے اے تک کی مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کررکھا ہے، ہیلتھ کارڈ اور احساس کارڈ اس بات کے ثبوت ہیں کہ سب سے بہترین کام ہیلتھ سیکٹر میں ہوا، ہمارا مقصد غریب اور عام آدمی کو ہر سہولت فراہم کرنا ہے۔

ضلع گجرات کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے یونیورسٹی آف گجرات کی تعمیر و ترقی کیلئے 61 کروڑ کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ گجرات ایک ضلع نہیں بلکہ ڈویژن بن رہا ہے، ہماری کوشش ہے اس علاقےکو ایسا بنادیں کہ کسی کو باہر جانے کی ضرورت نا رہے، عزیز بھٹی ہسپتال میں مہنگی مشینریاں نصب کررہے ہیں ، یہاں بھی لاہور کی طرح ون ونڈو آپریشن ہوگا، نا صرف گجرات شہر بلکہ منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کو بھی ترقی دیں گے۔