
سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے پاکستان تحریک انصاف کو ایک کرمنل پارٹی قرار دے کر اس کے راستے بند کردیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے علیحدہ ہوکر پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز بنانے والے پرویز خٹک نے پارٹی کے وائس چیئرمین محمود خان کے ہمراہ پشاور میں صحافیوں سےگفتگو کی۔
اس موقع پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 4 کیسز سب سے زیادہ تشویشناک ہیں، ان میں توشہ خانہ سے لی جانے والی گھڑی کو کلیئر نا کرنا چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف بڑا کیس ہے، دوسری بڑی غلطی سائفر کو جلسوں میں دکھانا ہے جبکہ190 ملین پاؤنڈ کا اسکینڈل عمران خان کے خلاف تیسرا بڑا کیس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف چوتھا بڑا کیس 9 مئی کے واقعات ہے، تمام جماعتوں نے فوج کو خود ہی سیاست میں مداخلت کا اختیاردیا، میرا فوج سے اچھا تعلق تھا کیونکہ میں وزیر دفاع تھا، پی ٹی آئی کے 60 فیصد ایم این ایز اور ایم پی ایز کو میں نے پارٹی میں شامل کروایا تھا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ میرے خیال میں انتخابات فروری 2024 میں ہوں گے، اگر انتخابات سے متعلق عدالتوں میں درخواستیں آئیں تو مزید تاخیر ہوسکتی ہے، پی ٹی آئی نے مخالفین کو خاموش کروانے کیلئے لوگ بھرتی کررکھے ہیں، یہ ٹیمیں اب مجھے گالیاں دیتی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9pervezkhathakkhaattack.jpg