فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی ہڑتال، میڈیکل اسٹور ایسوسی ایشن کے صدر قتل

screenshot_1745696680327.png


خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں الپوری میڈیکل اسٹور ایسوسی ایشن کے صدر ملک عدالت خان کو قتل کر دیا گیا۔


الپوری کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محمد عارف خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شانگلہ کے علاقے کوزہ الپوری میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہونے والی ہڑتال کے دوران میڈیکل اسٹور مالکان کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔


ایس ایچ او کے مطابق ملک عدالت خان، جو کہ الپوری میڈیکل اسٹور ایسوسی ایشن کے صدر تھے، نے دیگر میڈیکل اسٹور مالکان سے ہڑتال میں شرکت کی درخواست کی تھی، مگر انہوں نے انکار کر دیا جس کے باعث تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران اسٹور مالک اور اس کے بیٹوں نے مبینہ طور پر ملک عدالت خان پر بھاری آلے سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔


پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ الپوری میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔


ملک عدالت خان ایک معروف سیاسی اور یونین رہنما تھے اور ضلع کی مختلف اہم سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی اچانک موت پر ضلع بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


ایس ایچ او محمد عارف خان نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔


ادھر وفاقی وزیر امیر مقام، شوکت یوسفزئی، اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور قاتلوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Back
Top