فیفا کا میسی کو خراج تحسین کیلئے عارف لوہار کے گیت کا استعمال

9kkjjkdjdjhariflahar.png

پاکستان کے لوک گلوکار عارف لوہار کے گیت کی "آ تیرے صدقے جاواں" کی شہرت فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا تک بھی پہنچ گئی۔

فیفا ورلڈکپ کے آفیشل انسٹاگرام پیج سے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے معروف سٹار فٹ بالر لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں میسی فٹ بال کھیلتے نظر آ رہے ہیں اور بیک گرائونڈ میں عارف لوہار کا گیت "آ تینوں موج کراواں" چل رہا ہے۔ فیفا ورلڈکپ کی اس انسٹاگرام پوسٹ میں ویڈیو کا کیپشن بھی اردو میں لکھا تھا "میسی کا جادو" !

عارف لوہار کے اس گانے "آ تیرے صدقے جاواں" کو ریلیز ہونے کے بعد سے شائقین کی طرف سے بہت پذیرائی مل رہی ہے اور ماضی میں پاکستان سپرلیگ اور کرکٹ ورلڈکپ کے دوران بھی یہ گانا مسلسل سننے کو ملتا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے کے بعد سے اب تک کروڑوں صارفین نے اس گانے کی ویڈیو دیکھی اور پسندیدگی کی سند دی۔

فیفا ورلڈکپ پیج سے شیئر کی گئی ویڈیو میں میسی کے فٹ بال ورلڈکپ میں کھیلتے ہوئے کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جس میں وہ گول کرتے، 2022ء ورلڈکپ جیتنے کی خوشی میں جشن مناتے ٹرافی کو چومتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ فیفا ورلڈکپ کے انسٹاگرام پیج سے ویڈیو شیئر ہونے کے بعد پاکستانی شائقین بھی پرجوش ہیں کیونکہ اس میں عارف لوہار کا وہ گیت شامل کیا گیا جو پہلے ہی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ چکا ہے۔


فیفا کی طرف سے اپنے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ایک روایت ہے تاہم اس مقصد کیلئے کسی پاکستانی اور بالخصوص پنجابی گانا استعمال کرنا پاکستانی شائقین کے لیے حیران کن تجربہ تھا۔ ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین فٹ بال کی طرف سے اسے بڑی تعداد میں شیئر کیا جا رہا ہے اور مختلف قسم کے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1805867751237455906