قلات میں سڑک کنارے بم دھماکا: خواتین اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق، 5 زخمی

screenshot_1745524484621.png


قلات: بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سڑک کنارے نصب بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا قلات کے علاقے کبوتو کے مقام پر ہوا جہاں ایک گاڑی سڑک سے گزر رہی تھی۔ سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں جو موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کی گئیں۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فوری طور پر کسی گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اس واقعے سے قبل آج ہی بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر بائی پاس روڈ کے قریب ڈی سی ہاؤس کے نزدیک سے 4 خودکش جیکٹس برآمد کیں۔

خودکش جیکٹس کو کچرے کے ڈھیر میں بڑے تھیلے کے اندر چھپایا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے تمام دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا، جس سے ممکنہ تباہی کا خطرہ ٹل گیا۔

بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات نے ایک بار پھر سیکیورٹی خدشات کو بڑھا دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔
 

Back
Top