
محمد یوسف کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیلکٹر کے عہدے سے استعفیٰ کی وجوہات اور اختلافات سے متعلق خبریں سامنے آگئی ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے سابق سیلکٹر محمد یوسف اور ایک کوچ کے درمیان اختلاف پیدا ہوا، یہ اختلاف ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو دوبارہ موقع دیئےجانے پر شروع ہوا، محمد یوسف نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے پر زور دے رہے تھے جبکہ کوچ ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیم میں تبدیلیوں کے حق میں نہیں تھے۔
اس دوران محمد یوسف نے موقف اپنایا کہ جن کھلاڑیوں کی کارکردگی ناقص ہے انہیں دوبارہ موقع دینے سے اچھا تاثر پیدا نہیں ہوتا، جبکہ کوچ جلد بازی نا کرنے اور ٹیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی پالیسی پر بضد رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد یوسف انگلینڈ کے خلاف سیریز کے موقع پر نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے خواہش مند تھے ، ان کھلاڑیوں میں زاہد محمود، کامران غلام اور محمد علی شامل تھے، اور محمد یوسف عبداللہ شفیق کو آرام دے کر ان کی تکنیک پر کام کرنے کی بات کررہے تھے جس سے کوچ کو اختلاف تھا۔
ٹیم کی سیلکشن کے معاملے پر محمد یوسف اور کوچ کے درمیان تکرار بھی ہوئی جس کے بعدمحمد یوسف نے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا۔
محمد یوسف اور کوچ کے درمیان سینٹرل کانٹریکٹس کی کیٹیگریز کے معاملے پر بھی اختلاف تھا، محمد یوسف سینٹرل کانٹریکٹس پر سخت فیصلے کے حق میں تھے جبکہ کوچ کھلاڑیوں کی حمایت کرتے ہوئے کانٹریکٹس کی کیٹیگریز میں زیادہ تنزلی نا کرنے پر زور دے رہے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14muhammadyousurshifgs.png