
سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اقدامات کی بدولت ڈینش دنیا بھر میں مربوط نقل و حمل اور لاجسٹکس خدمات فراہم کرنے والی بڑی کمپنی اے پی مولر-میرسک کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈنمارک کی معروف شپنگ و لاجسٹکس کمپنی اے پی مولر - میرسک کی طرف سے پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی لاگت سے سرمایہ کاری منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی بدولت ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے معروف شپنگ ولاجسٹک کمپنی میرسک آئندہ 2 سالوںکے دوران پاکستان کی بندرگاہ اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں 2 بلین ڈالر ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ سرمایہ کاری منصوبے سے پاکستان کی بندرگاہ اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں بہتری آنے کے ساتھ پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور ملکی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امورقیصر احمد شیخ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری بجٹ میں پروسیسنگ پلانٹس، فشریز سیڈز اور فیڈ پر عائد سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے اور ہم سمندری برآمدات کیلئے پروسیسنگ پلانٹس قائم کرنے کیلئے زمین فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا مرکز ہے اور برآمدات میں اضافے کی بڑی صلاحیت کا حامل شہر ہے، وزارت بحری امور اس کیلئے سازگار ماحول بنا رہی ہے تاہم کاروبار برادری کو بھی اس کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ ایس آئی ایف سی کے اقدام سے پاکستان کے بحری اور ٹرانسپورٹ شعبے میں نمایاں پیشرفت ہو گی، مضبوط، مستحکم اور محفوظ پاکستان ان شعبوں میں ترقی اور ملکی معاشی استحکام میں مددگار ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ رواں مہینے میرسک شپنگ ولاجسٹکس کمپنی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے ڈنمارک کا دورہ کریں گے۔واضح رہے کہ ڈنمارک کی میرسک کمپنی کی بنیاد 1904ء میں رکھی گئی تھی جو دنیا بھر میں شپنگ ولاجسٹکس کی خدمات کے حوالے سے مشہور ہے اور یہ عالمی تجارت کو مربوط کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12pakstanndennma,rkjskjd.png