ملتان میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹ گیا، 6 افراد جاں بحق، 39 زخمی

GiTLXuQWwAAgsNd


ملتان کے مظفرگڑھ روڈ پر فہد ٹاؤن میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے، جبکہ کئی گھر آگ کی لپیٹ میں آکر منہدم ہو گئے۔ حادثہ رات 12 بجے کے بعد پیش آیا، جس نے علاقے میں خوفناک تباہی مچا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق، باؤزر کا ڈرائیور اسے سڑک پر کھڑا کر کے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے چلا گیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق، گیس لیک ہونے کے باعث باؤزر میں دھماکا ہوا، جس کے بعد اس کے ٹکڑے قریبی گھروں پر جاگرے۔ اس کے نتیجے میں گھروں میں آگ بھڑک اٹھی اور کئی چھتیں گر گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو نشتر ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کیا۔ زخمیوں میں ایک گھر کی خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق 12 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ملبے سے 100 سے زائد افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ دھماکے میں متعدد جانور بھی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔


باؤزر دھماکے کے نتیجے میں بستی حامد پور میں ایک ہی گھر کے 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں اللہ رکھا، اس کی اہلیہ تانیہ، والدہ منصب بی بی اور بچے انعم، عنایہ اور سانول شامل ہیں۔ ایک خاتون زرینہ بی بی جاں بحق ہو گئیں۔ دھماکے کے وقت تقریباً 15 سے 16 افراد ٹینکر سے ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کر رہے تھے، جن میں سے بیشتر افراد زخمی ہو گئے۔

سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کے مطابق، ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے بعد علاقے کو مکمل کلیئر کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیمیں علاقے میں موجود رہیں گی تاکہ مکمل صفائی اور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے بعد 6 افراد موقع پر ہی جل کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 39 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور تھانہ مظفر آباد میں 8 نامزد اور 7 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق، 15 سے 16 افراد کی جانب سے ٹینکر سے گیس کی ری فلنگ کے دوران آگ بھڑکی، جس سے دھماکا ہوا۔ حادثے کے ذمہ دار افراد کسی کو اطلاع دیے بغیر موقع سے فرار ہو گئے۔ انتظامیہ اور پولیس اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہیں تاکہ حادثے کے اصل اسباب کا تعین کیا جا سکے اور ذمہ داروں کو سزا دی جا سکے۔
 

Back
Top