ملک میں مہنگائی کی شرح پھر بڑھ گئی، 19 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی

13shehbazshahriskjdjd.png

وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق مہنگائی کی شرح ایک بار پھر سے بڑھنے لگی ہے جبکہ 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 0.28فیصد بڑھ گئی ہے جبکہ اس ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح سالانہ بنیادوں پر بھی بڑھ کر 15.02 فیصد ہو گئی ہے، رواں ہفتے میں ہی روزمرہ استعمال میں آنے والی 19 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی جبکہ 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 24.26فیصد، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 9.86فیصد، دال چنا 3.15فیصد، آٹے کی قیمت میں 2.10فیصد، ڈیزل کی قیمت میں 2.10فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 1.50فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.65 فیصد، آگ لانے کیلئے استعمال ہونے والی لکڑی کی قیمت میں 0.35فیصد، لہسن کی قیمت میں 1.31 فیصد، چکن کی قیمت میں 0.96فیصد اور فی درجن انڈوں کی قیمت میں 0.68 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری طرف آلو کی فی کلو قیمت 1.15فیصد، پیاز کی قیمت 7.02فیصد، چینی کی قیمت 0.27فیصد، کیلوں کی قیمت 2.83فیصد، دال ماش کی قیمت 0.72فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت میں 0.09 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 1.82 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے 17 ہزار 732 روپے مہینہ کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح سالانہ بنیادوں پر 0.27 فیصد بڑھ کر 10.29 فیصد اور 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 88 روپے مہینہ کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح 0.28فیصد بڑھ کر 14.42 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

علاوہ ازیں ماہانہ بنیادوں 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح 0.27فیصدبڑھ کر 17.99فیصد، 29 ہزار 518 سے 44 ہزار 175 روپے کمانے والے شہریوں کیلئے 0.28فیصد بڑھ کر 15.47 فیصد اور 44 ہزار 176 روپے سے زیادہ کمانے والے شہریوں کیلئے 0.28 فیصد بڑھ کر 13.77 فیصد ہو گئی ہے۔
 

Back
Top