
پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس کی جزوی بندش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث سوشل میڈیا صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی خدشات والے مخصوص علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس معطل کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ ممکنہ ناخوشگوار حالات سے بچا جا سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، انٹرنیٹ سروس کی مکمل بندش کا آغاز رات 12 بجے سے متوقع تھا، تاہم اس سے قبل ہی مختلف شہروں میں فیس بک، واٹس ایپ، اور دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے صارفین کو مسائل کا سامنا ہونے لگا۔
ڈاؤن ڈٹیکٹر نے بھی تصدیق کی ہے کہ متعدد صارفین کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز تک رسائی میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق، وائی فائی سروس بھی بندش سے متاثر ہو سکتی ہے، لیکن موبائل سروس کھلی رکھنے یا معطل کرنے کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
یہ صورتحال تحریک انصاف کے احتجاج اور ملک میں امن و امان کی ممکنہ خرابی کے خدشات کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی ایک عارضی اقدام ہے اور سکیورٹی حالات بہتر ہوتے ہی معمولات بحال کر دیے جائیں گے۔ عوام کی جانب سے انٹرنیٹ بندش پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، خاص طور پر طلبہ اور کاروباری طبقہ اس سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9inrtrrbsskhogia.png