مونس الہیٰ کے دوست کی مبینہ غیر قانونی حراست، عدالت کا بڑا حکم

2mooniselahifriend.jpg

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے بیٹے مونس الہٰی کے قریبی دوست کی مبینہ غیر قانونی حراست کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے احمد فاران کے بھائی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت نے مونس الہٰی کے قریبی ساتھی کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ درخواست میں سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ، ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔


درخواست گزار کا کہنا ہے کہ 3جنوری کو ایف بی آر، بیرون ملک دوروں، سرمایہ کاری کا تمام ریکارڈ طلب کیا۔ ایف آئی اے سے تمام ریکارڈ پیش کرنے کیلئے چند دن کی مہلت طلب کی۔ احمد فاران خان کی بازیابی کیلئے کوششیں کیں، مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔

درخواست گزارسلمان ظہیر نے استدعا کی تھی کہ احمد فاران کے متعلق کوئی علم نہیں ایف آئی اے نے کہاں رکھا ہے۔ عدالت احمد فاران خان کو بازیاب کرکے پیش کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مونس الہیٰ نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ لاہور سے ان کے دوست کو اٹھا لیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایف آئی اے والے قسمیں اٹھا رہے ہیں انہوں نے کچھ نہیں کیا۔