مکہ اور مدینہ الفاظ کے تجارتی استعمال سے پہلے اجازت لینا ہو گی،سعودی حکومت

Riyal.jpg


سعودی عرب میں بغیر مناسب رجسٹریشن یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی دوسرے رجسٹرڈ تجارتی نام کو استعمال کرنے پر اب 15 ہزار ریال (11 لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک کا جرمانہ ہوگا۔ مقدس شہروں کے نام استعمال کرنے سے قبل بھی منظوری لینا لازم قرار دیا گیا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے قواعد و ضوابط کے مسودے کو حتمی شکل دینے سے قبل استالہ پلیٹ فارم پر عوامی مشاورت کے لیے شائع کیا ہے۔ 17 ستمبر 2024 کو وزرا کی کونسل کے ذریعے منظور کردہ تجارتی نام قانون کے تحت ہر تاجر کو رجسٹرڈ تجارتی نام اپنانا ضروری ہوگا۔

قانون کے تحت کسی دوسرے تاجر کا محفوظ یا رجسٹرڈ تجارتی نام استعمال کرنے پر 10 ہزار ریال (ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مزید برآں، ممنوعہ تجارتی ناموں، جیسے سیاسی، فوجی یا مذہبی ناموں کو رجسٹر کرنے یا استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے تاجروں کو 15 ہزار ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

اس قانون میں سختی سے ممانعت کی گئی ہے کہ کوئی بھی تجارتی نام مقامی، علاقائی یا بین الاقوامی تنظیموں سے مشابہ نہ ہو، سیاسی، مذہبی یا فوجی حوالہ جات پر مشتمل نہ ہو، امن عامہ یا اخلاقیات کی خلاف ورزی نہ کرے، یا کسی معروف ٹریڈ مارک سے مشابہت نہ رکھتا ہو۔ تجارتی ناموں میں سعودی عرب، شہروں، علاقوں اور عوامی مقامات کے نام شامل کرنے کے لیے بھی مخصوص شرائط رکھی گئی ہیں، جن کے تحت سرکاری اداروں سے مشابہت رکھنے والے ناموں کی اجازت نہیں ہوگی۔

خاص طور پر مکہ یا مدینہ کے ناموں کے استعمال کے لیے مکہ شہر اور مقدس مقامات کے لیے رائل کمیشن یا مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگا۔

قانون میں خلاف ورزیوں کو سنگین اور غیر سنگین جرائم میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں غیر سنگین خلاف ورزیوں پر ایک ہزار ریال (76 ہزار پاکستانی روپے) سے 5 ہزار ریال (پونے چار لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کے درمیان جرمانہ ہوگا۔ ان خلاف ورزیوں میں کاروباری دستاویزات، خط و کتابت یا تشہیری مواد پر تجارتی نام ظاہر کرنے میں ناکامی، اسٹور فرنٹ یا کاروباری احاطے پر تجارتی نام ظاہر نہ کرنا، پرانے نام کو حذف کرنے کے بعد مقررہ وقت میں نیا نام رجسٹر نہ کرانا اور تجارتی نام کو گمراہ کن یا غیر قانونی طریقے سے استعمال کرنا شامل ہیں۔

وزارت تجارت نے تجارتی نام سے متعلق خدمات کے لیے فیس بھی مقرر کی ہے، جس کے مطابق عربی میں تجارتی نام حاصل کرنے کی قیمت 200 سعودی ریال (تقریباً 15 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ انگریزی میں ایک نام مختص کرنے کی قیمت 500 سعودی ریال (38 ہزار روپے سے زائد) ہوگی۔ ریزرویشن کی مدت میں توسیع یا تجارتی نام کی ملکیت منتقل کرنے کی فیس 100 ریال (7 ہزار 600 روپے) مقرر کی گئی ہے۔

ان ضوابط کی نگرانی کے لیے ایک جائزہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جو تجارتی نام کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھے گی اور جرمانے عائد کرے گی، جبکہ جرم کی شدت اور کاروبار کے سائز کے مطابق جرمانے کو ایڈجسٹ کرنے کا اختیار بھی رکھے گی۔
 

ek hindustani

Chief Minister (5k+ posts)
Fauji .... Army... Topi wala ya topi walay ko bhi register kar dena chahiay Pakistan mein.
Dekhtay hain keya hota hai
 

Back
Top