
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی مختلف موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئے ٹول ٹیکس کے نرخ 5 جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوں گے۔
این ایچ اے کے مطابق اسلام آباد سے پشاور جانے والی ایم ون موٹروے پر گاڑیوں کا ٹول ٹیکس 460 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کردیا گیا ہے۔ لاہور سے عبدالحکیم جانے والی ایم تھری موٹروے پر گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس 650 روپے سے بڑھا کر 700 روپے کر دیا گیا۔
پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے والی ایم فور موٹروے پر گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس 850 روپے سے بڑھا کر 950 روپے کردیا گیا ہے، جبکہ سکھر سے ملتان جانے والی ایم فائیو موٹروے پر یہ ٹیکس 1050 روپے سے بڑھا کر 1150 روپے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان سے ہکلہ موٹروے ایم 14 پر گاڑیوں کا ٹول ٹیکس 600 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ این ایچ اے نے وضاحت کی ہے کہ نئے ٹول ریٹس کا اطلاق یکم جنوری 2025 کے بعد سے ہوگا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سات ماہ کے اندر تیسری مرتبہ ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد گزشتہ سات ماہ میں ٹول ٹیکس کی شرح تقریباً دوگنا ہو چکی ہے۔ اس اضافے سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے سفر مزید مہنگا ہو گیا ہے، جس پر عوامی حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ٹول ٹیکس میں اضافے سے ناصرف مسافروں کی جیب پر اضافی بوجھ پڑے گا بلکہ ملک میں اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل بھی مہنگی ہو سکتی ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کی زد میں ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5NHAtollatacsjhd.png