نوازشریف کی بیٹی کا سسر ہونے کے باعث اسحاق ڈار کی اہمیت زیادہ ہے،مفتاح

12miftahismaildarabash.jpg

اسحاق ڈار کو وزیر بننے کا شوق تھا، کہتے تھے دودھ، شہد کی نہریں بہا دوں گا، میری پالیسیوں کو بھی غلط کہا گیا: سابق وزیر خزانہ

سابق وزیر خزانہ ورہنما مسلم لیگ ن مفتاح اسماعیل نے موجودہ وزیر خزانہ ورہنما ن لیگ اسحاق ڈار پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو وزیرخزانہ بننے کا بہت شوق تھا اس لیے وہ میرے خلاف پراپیگنڈا کرتے رہتے تھے، قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی بیٹی کا سسر ہونے کے باعث اسحاق ڈار کی ہمیشہ اہمیت مجھ سے زیادہ رہی ہے لیکن جس طریقے سے مجھے عہدے سے ہٹایا گیا اس پر مجھے اپنی پارٹی سے شکوہ ضرور ہے۔


مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کسی اور کو وزیر خزانہ کے عہدے پر نہیں دیکھ سکتے تھے اسی لیے وہ 6 مہینے تک میرے خلاف کمپین کرتے رہے، ٹیلی ویژن چینلز پر آکر دعوے کرتے تھے کہ ڈالر کو 180 روپے کا کر دیں گے اور پٹرول بھی سستا کر دیں گے اور کہتے تھے دودھ، شہد کی نہریں بہا دوں گا جبکہ میرے خلاف پروگرام بھی کرواتے تھے، میری پالیسیوں کو بھی غلط کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے دعووں پر پارٹی قائد میاں محمد نوازشریف نے مجھے وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا، اس کا مجھے کوئی غم نہیں لیکن جس طریقے سے ہٹایا گیا وہ درست نہیں تھا۔ اسحاق ڈار کو لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہی ہیں، اس لیے ان سے برداشت نہیں ہو رہا تھا۔ وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بھی کابینہ میں رہنے کی پیشکش کی گئی لیکن میں نے منع کر دیا تھا۔

https://twitter.com/x/status/1610639640909824001
دوسری طرف وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے وائٹ پیپر حقائق سے بالکل برعکس ہیں، ہمارے سیاسی مخالف کا پراپیگنڈا زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا، پاکستان ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔معیشت کو وینٹی لیٹر پر لانے والوں کو اپنے بیانات سے مزید معاشی بحران پیدا کرنے نہیں دینگے۔