مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف آئندہ ہفتے لندن روانہ ہونے والے ہیں، جہاں وہ اپنا طبی معائنہ کرائیں گے۔ ان کے اس دورے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صاحبزادے حسین نواز اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف لندن میں تین روز تک اپنے معمول کے میڈیکل چیک اپ میں مصروف رہیں گے۔ وہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عام پرواز کے ذریعے برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گے۔
یہ دورہ نواز شریف کی اکتوبر 2023 میں وطن واپسی کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی سفر ہوگا۔ اس سے قبل وہ نومبر 2023 میں اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ گئے تھے، جہاں مریم نواز کی سرجری کے بعد فالو اپ چیک اپ کروایا گیا تھا۔
ادھر وزیر اعظم شہباز شریف بھی آئندہ ہفتے غیر ملکی دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ جمعہ کے روز بیلاروس کے دارالحکومت منسک پہنچیں گے، جہاں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر دو روزہ دورہ کریں گے۔ اس دورے کے بعد شہباز شریف لندن جائیں گے اور وہاں اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔