نگران سیٹ اپ کیلئے وزیراعلیٰ اور کابینہ کا انتخاب کون ساادارہ کرے گا؟

16rana%20nigransetup.jpg

فیصلہ الیکشن کمیشن ہی کرے گا کہ نیا وزیراعلیٰ پنجاب کون ہو گا، اس کے بعد نئے وزیراعلیٰ پنجاب اپنی کابینہ تشکیل دیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ ورہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگران حکومت قائم کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے کوئی مشاورت نہیں کر رہے اس کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کی طرف سے ہی کیا جائے گا کہ نیا وزیراعلیٰ پنجاب کون ہو گا، اس کے بعد نئے وزیراعلیٰ پنجاب اپنی کابینہ تشکیل دیں گے۔


وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش تھی کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچا لیں عمران خان نے اپنی انا اور ضد پوری کی۔ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے عمل میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں، ہم نے اس غیرجمہوری عمل کو روکنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اب اگر انتخابات ہوتے ہیں تو ہم بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، ہم نے اس کیلئے تیاری کر رکھی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ان کی محنت سے جلد معاشی بحران پر قابو پا لیا جائے گا، ملاقات میں ان کو کامیاب دورے کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی قائدین کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں رکاوٹ ڈالے بغیر انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگران سیٹ کیلئے ناموں پر مشاورت کی جائے گی اور حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے اور انتخابات کے لئے ٹکٹوں کی تقسیم باقاعدہ انٹرویو کے بعد کی جائے گی۔ آئندہ چند روز میں پارٹی کی صورتحال کی رپورٹ پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کو بھجوائی جائے گی ۔