
مشکل حالات میں میری کوشش ہو گی کہ ہر ممکن طریقے سے اپنی قوم کی خدمت کر سکوں: وزیر داخلہ وانسداد منشیات
وفاقی وزیر داخلہ وانسداد منشیات محسن نقوی نے تنخواہ نہ لینے کے اعلان کے بعد اینٹی نارکوٹکس کے دفتر کو بند کر کے وزارت داخلہ میں ضم کرتے ہوئے اپنی دونوں وزارتوں کے امور کی انجام دہی کیلئے ایک ہی دفتر استعمال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ: وزارت داخلہ میں اینٹی نارکوٹکس کی کارروائیاں ضم کرنے کا مقصد ریاست کے وسائل کی بچت کرنا اور قومی خزانے پر پڑنے والے غیرضروری بوجھ کو ختم کرنا ہے۔
محسن نقوی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ: الحمدللہ، وفاقی وزیر داخلہ وانسداد منشیات کی حیثیت سے قوم کی خدمت کرنے کا اعزاز ملا ہے۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنی مدت کے دوران تنخواہ نہیں لوں گا۔ موجودہ مشکل حالات میں میری کوشش ہو گی کہ ہر ممکن طریقے سے اپنی قوم کی خدمت کر سکوں۔
https://twitter.com/x/status/1767472962200822267
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا: میں نے وزارت برائے انسداد دہشت گردی کے دفتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا کام بھی وزارت داخلہ کے دفتر میں کروں گا۔ میرے اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ قومی وسائل کی بچت کی جائے، قومی خزانے پر پڑنے والے غیرضروری بوجھ کو کم کیا جائے اور کام کرنے کی رفتار کو بڑھانا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1767931932308869143
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات محسن نقوی نے آج ایک اجلاس کی صدارت بھی کی تھی جس میں انہیں وزارت کے امور بارے خصوصی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام موجود وسائل بروئے کار لاتے ہوئے منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نپٹا جائے گا۔