
کراچی: ایسٹ پولیس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کر کے ڈکیتی اور اغوا کی وارداتیں کرنے والے دو جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان نے مختلف ڈیجیٹل سائٹس کا ڈیٹا چوری کر کے صارفین کے گھروں تک رسائی حاصل کی اور جعلی پولیس وردی میں اپنا تعارف کروا کر گھروں میں گھس گئے۔
ملزمان، بلاول خلجی اور سید وقاص حسین، کسٹمرز کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے۔ وہ اپنی گاڑی میں وارداتیں کرتے ہوئے گھروں سے قیمتی اشیاء کا صفایا کرتے تھے، اور اسی دوران وہ شہریوں کو اغوا کر کے مختلف اے ٹی ایمز پر لے جا کر رقم نکلواتے تھے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی گئی اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی 30 بور پسٹلز، ایمونیشن، موبائل فونز، ایل ای ڈی اور گھڑیاں برآمد کی گئیں۔ علاوہ ازیں، ملزمان سے جعلی پولیس یونیفارمز اور جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور پولیس حکام نے ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔