واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے چین سے 10 ارب یوان (تقریباً 1.4 ارب ڈالر) کی مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سال کے اختتام تک چین کی مقامی بانڈ مارکیٹ میں 10 ارب یوان مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کر دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈز کے اجرا پر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے سربراہان سے ہونے والی بات چیت بھی حوصلہ افزا رہی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1916252098431484281
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کلائمیٹ فائنانسنگ کے تحت ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مئی کے آغاز میں آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے 1.3 ارب ڈالر کے پروگرام کی منظوری دی جائے گی، جبکہ 7 ارب ڈالر کے نئے پروگرام کے ابتدائی جائزے پر بھی دستخط ہوں گے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو فوری طور پر 1 ارب ڈالر کی قسط موصول ہو گی۔
معاشی ترقی کے حوالے سے محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی شرح نمو تقریباً 3 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ اگلے مالی سال میں یہ شرح 4 سے 5 فیصد اور اس کے بعد 6 فیصد تک پہنچنے کی امید ہے۔
پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے منفی اقتصادی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی دو طرفہ تجارت محدود ہو چکی ہے اور گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی حجم صرف 1.2 ارب ڈالر رہا۔