
وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی صورتحال پر علاقائی ممالک کو اعتماد میں لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہٹلر اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی میں کوئی فرق نہیں۔
ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت سے متعلق حقائق کھل کر دنیا کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ پہلے کچھ چیزوں پر خاموشی اختیار کی جاتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ مشیر قومی سلامتی نے واضح کیا کہ پاکستان نے ڈو مور کا چیپٹر ہمیشہ کیلئے بند کر دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی آئی اے چیف سے بھی افغانستان کے مسائل اور اس کے آنے والے وقت میں ممکنہ حل پر گفتگو ہوئی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں معاشی، انسانی اور گورننس کا بحران پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ مودی جس پٹڑی پر چڑھ چکا ہے یہ خود اپنا کباڑہ کرے گا۔ مودی اور ہٹلر میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق فیصلہ وقت آنے پر ہو گا۔ امریکا سمیت تمام ممالک سے تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والے قائمہ کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس میں مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور فی الحال مغربی سرحد پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مستقبل قریب میں حالات بگڑنے کی توقع نہیں ہے، پاکستان نے تمام سرحدوں پر ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کی تیاری کر رکھی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/88k7ksq/moeed.jpg
Last edited: