
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں منعقد ہوگا، جس کے لیے قومی ٹیم میں چار اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسکواڈ میں فخر زمان، خوشدل شاہ، سعود شکیل اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے، جو گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیم سے باہر تھے۔
پی سی بی کے پاس اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے، جس کے بعد کسی بھی قسم کی رد و بدل صرف طبی بنیادوں پر آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے ممکن ہوگی۔ یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھی شرکت کرے گی۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کو ڈراپ کیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ تجربہ کار آل راؤنڈر فہیم اشرف، اوپنر فخر زمان، جارح مزاج بیٹر خوشدل شاہ اور تکنیکی طور پر مضبوط مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر ٹیم میں 5 اسپیشلسٹ بیٹرز، 3 آل راؤنڈرز، 2 وکٹ کیپر بیٹرز، ایک اسپنر اور 4 فاسٹ باؤلرز کو جگہ دی گئی ہے۔
پاکستان کا اعلان کردہ اسکواڈ محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔
فخر زمان کی واپسی قومی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ انہوں نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف تاریخی سنچری اسکور کی تھی۔ وہ جون 2024 سے انجری اور بیماری کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر تھے، تاہم دسمبر میں چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 132 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 303 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے تھے۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اپنا آخری ون ڈے ستمبر 2023 میں کھیلا تھا، جبکہ خوشدل شاہ نے اگست 2022 میں پاکستان کی جانب سے آخری مرتبہ ون ڈے میں شرکت کی تھی۔ سعود شکیل کی شمولیت ٹیم کے مڈل آرڈر کو استحکام دینے کے لیے کی گئی ہے