پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل براڈکاسٹ کمپنی کےبھارتی عملہ پاکستان سے بے دخل

screenshot_1745676063043.png


جموں و کشمیر میں حالیہ کشیدگی اور سفارتی تناؤ کے بعد پاکستان نے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی براڈکاسٹنگ ٹیم میں شامل بھارتی عملے کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ اس فیصلے کے تحت 23 بھارتی شہریوں کو لاہور پولیس کی نگرانی میں واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت بھیج دیا گیا۔


ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت پر یہ اقدام قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے جارحانہ اور معاندانہ رویے کے تناظر میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ایسے تمام عناصر کو فوری طور پر پاکستان سے نکالا جائے گا جو حساس معاملات میں شامل ہوں۔


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اہلکاروں کی ملک بدری کے باوجود پی ایس ایل ٹین کے میچز اور ان کی براڈکاسٹنگ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ پی سی بی کے مطابق متبادل براڈکاسٹرز کو فوری طور پر میدان میں اتار دیا گیا ہے تاکہ نشریات کا تسلسل برقرار رہے اور شائقین کو کرکٹ کا مکمل لطف ملتا رہے۔


پی سی بی نے مزید بتایا کہ براڈکاسٹنگ ٹیم میں شامل تقریباً 12 بھارتی ماہرین مختلف تکنیکی اور پروڈکشن امور سرانجام دے رہے تھے، جنہیں معقول سیکیورٹی کے ساتھ روانہ کر دیا گیا ہے۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ پاکستان کسی بیرونی دباؤ یا مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا اور قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

 

Back
Top