
خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان پر براہ راست شیلنگ اور مبینہ فائرنگ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان مشیر اطلاعات خیبر پختونخوابیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کیا اور کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کارکنان پر گزشتہ روز براہ راست شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، پرامن کارکنان پر ایسی شیلنگ اور فائرنگ کہاں کا قانون ہے؟
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کے پی کے حکومت عدالت جائے گی اورایڈووکیٹ جنرل کے پی سے قانونی کارروائی کیلئے کہا جائے گا،قانون کی پاسداری کرنا کوئی خیبر پختونخوا حکومت سے سیکھے، کیا پرامن احتجاج ہمارا حق نہیں تھا؟ہمارے کارکنان پر گزشتہ روز سیدھی سیدھی گولیاں چلائی گئیں اور راولپنڈی شہر اور موٹر وے مقبوضہ کشمیر کا منظر پیش کررہےتھے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کل جعلی حکومت نے ماڈل ٹاؤن سانحے جیسا پروگرام بنایا، جعلی راجکماری کی حکمرانی میں پی ٹی آئی خواتین پر شیلنگ کی گئی، کل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو جیسے محفوظ بنایا سب کے سامنے ہے، مگر یہ جعلی حکومت فسطائیت کے ریکارڈ توڑ رہی ہے اور ہمارے دلیر کارکنان نے بدتری فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو کامیاب احتجاج ریکارڈ کروانے پر مباکباد پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تیاری پکڑیں، آئندہ ہفتے علی امین گنڈاپور ایک بار پھر پنجاب میں احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6kpkpskakrawaiiilan.png