مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں سیاحتی مقام پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق اہم بیان جاری کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2012 اور 2013 میں ہوئی تھی، اور بھارت نے 2008 میں ایشیا کپ کے دوران پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پہلگام حملے کے بعد بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں ہونے والی کسی دو طرفہ کرکٹ سیریز کے بارے میں اپنا فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آئندہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی دو طرفہ کرکٹ سیریز میں حصہ نہیں لے گا۔
راجیو شکلا نے مزید کہا، "ہم اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ہماری حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، ہم اس پر عمل کریں گے۔ حکومت کے موقف کی وجہ سے ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلیں گے اور نہ ہی آگے کسی دو طرفہ معاملات میں پاکستان کے ساتھ کھیلیں گے۔"
انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ آئی سی سی ایونٹس میں بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلتا ہے، کیونکہ یہ ایونٹس آئی سی سی کی زیر نگرانی ہوتے ہیں، اور آئی سی سی بھی اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ اس وقت کیا صورتحال ہے اور وہ اس پر اپنا ردعمل دے گا۔
واضح رہے کہ تین دن قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد بھارتی حکومت نے بغیر کسی تحقیق کے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کے تحت دریاؤں کے پانی کی تقسیم کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/5042LrVR/pak-india-match-s.jpg