پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے سرکار کتنے ارب روپے خرچ کر چکی؟

5polchakimakjtjkistankharckrchuki.png

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں سے نمٹنے کے لیے حکومت نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران 2 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ان مظاہروں کی وجہ سے نہ صرف سرکاری خزانے پر بھاری بوجھ پڑا بلکہ املاک کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

پچھلے چھ ماہ میں پی ٹی آئی کے احتجاجوں پر حکومت نے تقریباً 1 ارب 20 کروڑ روپے خرچ کیے جبکہ 1 ارب 50 کروڑ روپے کی سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا۔ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں ہونے والے 120 سے زائد مظاہروں میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے اور 220 سے زائد زخمی ہوئے۔

احتجاجی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے 3 ہزار کنٹینرز کرائے پر حاصل کیے گئے جن پر 80 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ ان مظاہروں کا مرکز راولپنڈی، لاہور، اسلام آباد اور اٹک رہے، جہاں 30 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔ اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں موجود سیف سٹی منصوبے کے 370 کیمرے بھی مظاہروں کے دوران خراب ہوئے جن کا نقصان 28 کروڑ روپے سے زیادہ بتایا گیا۔

مزید یہ کہ پولیس کی 220 گاڑیاں ان مظاہروں کے دوران تباہ ہوئیں یا انہیں نقصان پہنچا، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹرانسپورٹ اور کھانے پر 90 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات آئے۔ پولیس کے مجموعی اخراجات تقریباً ڈیڑھ ارب روپے تک پہنچ گئے۔

سرکاری اعدادوشمار میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 12 ہزار اور پنجاب میں 16 ہزار پولیس اہلکار احتجاجی دھرنوں کے دوران تعینات رہے۔ ایف سی، رینجرز اور فوج کی تعیناتی پر 30 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات آئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 24 نومبر کے احتجاج پر مزید 30 کروڑ روپے خرچ ہونے کا امکان ہے، کیونکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 34 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی طلبی اور 2 ہزار سے زائد کنٹینرز کی تنصیب کی درخواست دی گئی ہے۔

https://twitter.com/x/status/1859996985769820309
 
Last edited by a moderator:

Back
Top