کراچی، نمائش چورنگی پر جاری دھرنے کے دوران کشیدگی، مظاہرین مشتعل

1numaischranf.png


کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دیے جانے والے دھرنے کے دوران کشیدگی بڑھ گئی۔ مظاہرین کے مشتعل ہونے پر چار موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی گئی، جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی دھرنے شہر کے مختلف مقامات پر گزشتہ چھ دنوں سے جاری ہیں۔ پولیس نے نمائش چورنگی پر کنٹرول سنبھال لیا اور مظاہرین کے ٹینٹ اکھاڑ دیے۔ تاہم، اطراف کی گلیوں سے پولیس پر پتھراؤ بھی جاری رہا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھرنے کی آڑ میں املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شہری و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو صورتحال بہتر بنانے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے دھرنوں کو مزید منظم کرنے اور ان کا دائرہ کار پورے سندھ تک پھیلانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاراچنار کا دھرنا جاری رہے گا، ہم بھی دھرنا جاری رکھیں گے۔

https://twitter.com/x/status/1874075959273677284
شہر کے مختلف مقامات پر جاری دھرنوں سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا تھا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ پولیس کی کارروائی کے بعد کئی مقامات پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔

https://twitter.com/x/status/1874066506805596609
https://twitter.com/x/status/1874035053770002660
ایم ڈبلیو ایم نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے پیپلزپارٹی کو متنبہ کیا کہ اس فسطائیت کی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
 

Back
Top