کراچی؛ڈمپر کی موٹرسائیکل کوٹکرسے 3 افراد زخمی،لوگوں نے5 ڈمپرزکو آگ لگادی

1744281854443.png


شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی پاور ہاؤس کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے متعدد موٹر سائیکل سوار افراد کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔


حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مختلف مقامات پر 5 ڈمپرز، ایک واٹر ٹینکر اور ایک ٹرک کو آگ لگا دی۔


ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


حادثے کے بعد مقامی افراد نے ڈمپر کے ڈرائیور کا تعاقب کیا اور اسے منگھوپیر روڈ پر پکڑ لیا۔ عوام نے ڈرائیور پر تشدد کیا، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔


مشتعل افراد نے پولیس کی موجودگی میں بھی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھی اور متعدد ڈمپرز پر پتھراؤ کیا۔


ڈمپروں کی آگ بجھانے کے لیے آنے والی نیو کراچی فائر اسٹیشن کی گاڑی پر نامعلوم مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کی گاڑی کے ڈرائیور صابر کا سر پھٹ گیا اور گاڑی کا ونڈ اسکرین ٹوٹ کر چکنا چور ہوگیا۔


پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشتعل افراد کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ صورتحال کو قابو کرنے کے لیے مزید نفری بھی طلب کر لی گئی۔


پولیس حکام کے مطابق، مشتعل افراد کو منتشر کر دیا گیا ہے اور علاقے میں صورتحال قابو میں ہے۔


ڈی آئی جی عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ گلیوں اور اہم سڑکوں پر گشت بڑھا دیا گیا ہے اور ایس ایس پی سینٹرل بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ جو افراد ملوث ہیں، انہیں گرفتار کیا جائے گا۔


پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی یوپی موڑ پر 5 ڈمپروں اور ٹرک کو آگ لگانے کے واقعے کے بعد شہر بھر میں پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو سڑکوں پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


پولیس حکام نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کو شر انگیزی اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 

Back
Top