کراچی میں تیز رفتار کارحادثہ، میاں بیوی جاں بحق،تحقیقات میں اہم انکشافات

screenshot_1743097185216.png


گزشتہ روز کراچی کی شارعِ فیصل پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر بیٹھے میاں بیوی پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے اس واقعے پر رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا ملزم 17 سالہ نوجوان عتیق تھا، جس کے پاس نہ تو ڈرائیونگ لائسنس تھا اور نہ ہی قومی شناختی کارڈ موجود تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ افطار کے بعد اس وقت پیش آیا جب شارع فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، حادثے کی وقت کار میں تین دوست سوار تھے۔ ایک موٹر سائیکل اپنی مخصوص لین میں سفر کر رہا تھا، جب کار نے فاسٹ لین سے انتہائی بائیں طرف آ کر موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، اور اسی دوران فٹ پاتھ پر بیٹھے میاں بیوی بھی حادثے کا شکار ہو گئے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے کے وقت کار کی رفتار تقریباً 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی، جو کہ محفوظ حد سے کہیں زیادہ تھی۔ پولیس کے مطابق، کار ڈرائیور کم عمر تھا اور گاڑی چلانے کے لیے قانونی طور پر اہل نہیں تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی کی۔

حادثے کے بعد، پولیس اور فلاحی اداروں کے رضا کار موقع پر پہنچے اور دونوں کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ شہریوں نے فوری طور پر کار ڈرائیور کو پکڑ لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو شہریوں کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نابالغ اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کو گاڑی دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی شناخت 30 سالہ ایاز اور 25 سالہ اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واقعے کے باعث شارعِ فیصل پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تھی۔
 

Back
Top