
کراچی: ملیر ہالٹ کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک حاملہ خاتون اور ان کے شوہر کی جان چلی گئی، جب کہ خاتون نے زخمی حالت میں نومولود کو جنم دیا، لیکن وہ بھی بچ نہ سکا اور دم توڑ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ملیر ہالٹ کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون حاملہ تھی اور حادثے کے دوران زخمی حالت میں اس نے بچے کو جنم دیا، تاہم بچہ بھی شدید زخمی ہونے کی وجہ سے زندگی کی جنگ نہیں جیت سکا۔
پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کا ڈرائیور گرفتار کرلیا گیا ہے اور ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ واٹر ٹینکر کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے کہا کہ واٹر ٹینکر ہائی وے کی جانب سے آ رہا تھا اور ملیر ہالٹ پل کے نیچے سے تیز رفتاری کے ساتھ شارع فیصل کی طرف مڑتے ہوئے اس نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی۔
یہ واقعہ علاقے میں غم کی لہر دوڑانے کا باعث بن گیا ہے اور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔