کراچی کے لوگ بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے جائیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن

17karachilbelection.jpg

سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،لوگ بلا خوف و خطر ووٹنگ کے عمل میں شریک ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا آئینی حق استعمال کررہا ہے، صوبائی حکومتیں ہمیشہ بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ بنتی ہیں، آج شام تک تمام پولنگ اسٹیشنز تک سامان پہنچ جائے گا، پولنگ اسٹاف کو پولیس کی پوری معاونت حاصل ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے جو کرنا ہے کرلیں، الیکشن کمیشن اپنا اختیار استعمال کرے گا، ہم نے ہمیشہ مفاد عامہ کا خیال رکھا ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، جب جب کوئی صوبائی حکومت ہمیں کچھ لکھتی ہے تو ہم اس کا پورا جائزہ لیتے ہیں، سندھ حکومت کی ہر درخواست کو دیکھا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے عوام کو اعتماد دینا ہے، عوام بلا خوف و خطر پولنگ کے روز گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالنے آئیں۔