
نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹکا کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حالیہ حملے کو بھارت کی سکیورٹی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
چند روز قبل پہلگام میں ہونے والے خوفناک حملے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی حکومت نے بغیر کسی تحقیق کے روایتی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر الزام پاکستان پر عائد کر دیا۔ تاہم بھارت میں اس مؤقف پر داخلی اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔
مودی حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں کانگریس نے حکومتی مؤقف تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مودی سرکار سے کڑے سوالات کیے۔ اپوزیشن نے سکیورٹی کی ناکامی پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ استعفیٰ دیں اور وزیراعظم نریندر مودی اس واقعے کی ذمہ داری قبول کریں۔
https://twitter.com/x/status/1916096111019778297
بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) مرکنڈے کاٹجو نے بھی ایک انٹرویو میں بھارتی جرنیلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کی باتیں احمقانہ ہیں کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں اور جنگ کی صورت میں بھارت کی معیشت تباہ ہو سکتی ہے۔ مرکنڈے کاٹجو نے پلواما حملے کے بعد پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی تھی۔
اب کرناٹکا کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے بھی واضح انداز میں کہا ہے کہ پہلگام واقعہ مکمل طور پر سکیورٹی کی ناکامی ہے اور بھارت کو پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے جاری احکامات کے تحت پاکستانیوں کی واپسی کے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دہشت گردوں کو سزا دینے کے وعدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وعدے پہلے بھی کیے گئے تھے، لیکن ان کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔ سدارامیا نے 2019 کے پلوامہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اس وقت بھی دہشت گردی کے خاتمے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن اب پہلگام میں 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
مزید برآں، سدارامیا نے واضح طور پر کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ جنگ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیر میں سکیورٹی اقدامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدارامیا کے جنگ مخالف بیان پر بی جے پی کے انتہا پسند رہنما شدید تنقید کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات میں بھارت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔