گھوٹکی، جدید اسلحہ تھامے ڈاکو کام مانگنے لگے،سندھ پولیس کو بھی دھمکیاں

10ghotki.jpg

سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ڈاکوؤں کی جدید اسلحہ تھامے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے ساتھیوں اور قبیلے کے لوگوں کیلئے کام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ خودکار اور آتشیں اسلحے کے ساتھ ڈاکوؤں نے اپنے مطالبات کی ایک پوری فہرست تیار کر رکھی ہے جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس، انتظامیہ اور علاقے میں زیر تعمیر پل کے ٹھیکیدار کو دھمکی دی ہے، وائرل ویڈیو میں ڈاکوؤں نے مطالبہ کیا کہ پل کی تعمیر کے دوران ہمارے قبیلےاور ساتھیوں کو مزدوری پر رکھا جائے، ٹھیکیدار نے بات نہ مانی تو اس کے گھر پر حملہ کر دیں گے۔

ڈاکوؤں کی جانب سے ویڈیو میں گھوٹکی پولیس سے مطالبہ کیا گیا کہ پولیس مقدمات سے ہمارے نام نکال دے، پولیس کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں، اگر تنگ کیا گیا تو لڑیں گے، یہ جدید اسلحہ ہم نے لڑنے کے لئے ہی لیا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی گھوٹکی عمر طفیل نے دعویٰ کیا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو کندھ کوٹ کے جاگیرانی اور سبزوئی گینگ کی ہے، گھوٹکی میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں ہے،پل کی تعمیر کے دوران گھوٹکی کا علاقہ ڈاکوؤں سے محفوظ ہے۔
 

Back
Top